کنداپور، 15 / ستمبر (ایس او نیوز) موڈوبیٹو علاقے میں ایک الیکٹرک اسکوٹر میں لگنے والی آگ نے قریب میں پارک کیے گئے دوسرے اسکوٹر کو اپنی لپیٹ میں لیا جس کی وجہ سے دونوں اسکوٹر جل کر خاک ہوگئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک گھر کے سامنے پارک کیے گئے الیکٹرک اسکوٹر میں اچانک آگ بھڑکی جس کے شعلے اس کے قریب ہی پارک کیے گئے دوسرے ٹی وی ایس جوپیٹر اسکوٹر تک پھیل گئے ۔ اس طرح دونوں اسکوٹر جل کر خاک ہونے کے علاوہ گھر کے الیکٹرک میٹر بورڈ، فرش، دروازے، کھڑکیوں، دیواروں اور چھت کو بھی خاصہ نقصان پہنچا ۔
آتشزدگی کا یہ معاملہ صبح 4:30 کے قریب پیش آیا اور اس وقت گھر کے تمام افراد گہری نیند میں تھے ۔ گھر کے باہر ایک بڑے دھماکہ کی آواز سنائی دی تو وہ لوگ جاگ گئے اور باہر نکل کر دیکھا الیکٹرک اسکوٹر شعلوں میں گھرا ہوا تھا ۔ بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے کے لئے پانی کا پمپ بھی استعمال نہیں کیا جا سکا ۔ آس پاس کے لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی اور قریب میں موجود ایک کار کو بھی دھکا دے کر دور لے گئے تا کہ وہ کار بھی آگ کی زد میں نہ آ جائے ۔
کوٹا پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور معاملہ درج کر لیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔